سرگودھا (بیورو رپورٹ) عید کی تعطیلات ختم ہو جانے کے باوجود تعلیمی اداروں اور صوبائی محکموں میں بھی حاضری نہ ہونے کے برابر تھی جو 

سرکاری افسران یا ملازمین آئے تھے وہ بھی خوش گپیوں میں مصروف رہے جبکہ آنیوالے سائلین کی تعداد بھی انتہائی کم تھی آج اتوار کے باعث 

عام تعطیل ہونے کی وجہ سے لوگوں نے سوموار کے روز سے ہی دفاتر اور سرکاری تعلیمی اداروں میں آنے کا پروگرام بنا رکھا ہے جبکہ پرائیویٹ 

تعلیمی ادارے پہلے ہی اتوار تک کی تعطیلات کا اعلان کرچکے تھے جس کی وجہ سے صبح سویرے گلیوں‘ محلوں‘ سڑکوں پر رش نہ ہونے کے برابر تھا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) 3 روز کاروباری مراکز بند رہنے کے بعد گزشتہ روز کھل گئے بیرونی خریداروں کا رش نہ ہونے کے برابر تھا جبکہ مقامی 

خریدار بھی گرمی کے باعث بازاروں میں نہ نکلے دکاندار بھی تمام دن فارغ بیٹھے رہے جس کی وجہ سے ہفتے کے روز بھی تعطیل کا ہی سماں تھا اکثر 

دکانداروں کی بڑی تعداد تفریحی مقامات پر جانے کی وجہ سے اکثر دکانیں بھی بند رہیں جو مارکیٹیں کھلی تھیں وہ بھی سر شام ہی بند ہونا شروع 

ہوگئی تھیں دکانداروں کا کہنا ہے کہ اصل رش سوموار کے روز سے ہی ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پردیسیوں کی آمدو رفت کے باعث ریلوے اسٹیشن‘ لاری اڈوں‘ ویگن اسٹینڈز پر مسافروں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا 

کئی لوگوں نے ایڈوانس بکنگ کی کوشش کی مگر زائد کرائے کے لالچ میں اکثر ٹرانسپورٹرز نے یہ کہہ کر بکنگ کرنے سے انکار کردیا کہ موقع پر 

آپ کو سیٹ مل جائیگی مگر جب لاری اڈوں اور ویگن اسٹینڈز پر مسافر پہنچے تو انہیں دھکے کھانے کیساتھ ساتھ انتظار کی سُولی پر بھی لٹکنا پڑا جبکہ 

بعض ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں اڈوں سے باہر لگا کر منہ مانگے دام پر سواریاں بٹھائیں مجبوری کے تحت مسافروں کی بڑی تعداد زائد کرایہ دیکر سفر 

کرنے پر مجبور رہی دوسری طرف انتظامیہ کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنیوالوں کیخلاف کاروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) عمران خان اور ان کی ٹیم پاکستان کی بہتری کیلئے دل سے کوشش کررہی ہے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہر پاکستانی کو وزیر 

اعظم عمران خان کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نارتھ پنجاب الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے 

اپنی رہائشگاہ پر عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قرضوں کا دباؤ اور بگڑی ہوئی بیورو کریسی کو 

درست کرنے میں وقت ضرور لگے گا مگر سادگی اپنانے سے جہاں اخراجات کم ہونگے وہاں پر محکموں میں بھی بہتری آئیگی الحاج ممتاز اختر کاہلوں 

نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مالی خسارہ ہے جس کو پورا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر رقم کی ضرورت ہے اور یہ رقم پاکستانی قوم 

پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان اور ان کی ٹیم محکموں کو سمجھنے کی کوشش میں مصروف 

ہے اور انشاء اللہ بہتری کا عمل جلد شروع ہوگا اس موقع پر تاجروں‘ شہریوں‘ وکلاء کی بڑی تعداد نے عید ملن پارٹی میں شرکت کی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کی اکثریت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات پر توجہ نہ دی تاکہ موجودہ 

حکومت کو بدنام کیا جاسکے عید گاہوں کے گردو نواح میں بھی صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کے 

سربراہوں کی بڑی تعداد کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے اور انہوں نے موجودہ حکومت کو بدنام کرنے کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی 

کے انتظامات نہ کروائے جس کی وجہ سے لوگ موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے تاہم بلدیاتی اداروں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنے 

وسائل کے مطابق عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی ہیں جہاں پر صفائی کے انتظامات نہ ہوسکے اس کی اطلاع ادارے کو دیں صفائی کے انتظامات کئے 

جائینگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) انتظامیہ کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے جس کی وجہ سے شہری اذیت 

میں مبتلا رہے چند گھروں میں شاپر تقسیم کئے گئے جبکہ اکثریت شاپر سے محروم رہی جس کی وجہ سے جا بجا گندگی کے ڈھیر دیکھنے میں آئے ان 

خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے راہنما بھائی عبدالرحمن نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ عید کے دوسرے روز نہر لوئر جہلم‘ عزیز 

بھٹی ٹاؤن پل کے قریب سڑک پر جانوروں کے بقیہ جات کی بھرمار کے باعث دونوں اطراف ٹریفک جام رہی اسی طرح مختلف شاہراؤں پر بھی جا 

بجا گندگی کے ڈھیر انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں بھائی عبدالرحمن نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جان بوجھ کر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش 

کی گئی ہے کیونکہ سرگودھا سے جیتنے والے ارکان اسمبلی اور میئر سرگودھا کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے جس کی وجہ سے انہوں نے صفائی 

کے جان بوجھ کر انتظامات نہیں کئے شہر بھر میں گرمی اور حبس میں بدبو بھی شہریوں کیلئے وبال جان بنی رہی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے ضلع بھر میں 5 لاکھ سے زائد چھوٹے اور بڑے جانور اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کئے 

گئے جن میں اونٹ‘ بکڑے‘ چھترے‘ ویہڑے‘ دنبے وغیرہ شامل ہیں غیر سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال 

پانچ لاکھ سے زائد چھوٹے بڑے جانور قربان کئے گئے عید کے تینوں روز قربانی کا سلسلہ جاری رہا قصابوں کے مطابق اس سال بڑی تعداد میں 

جانور قربان کئے گئے ہیں جن میں موسمی قصابوں نے بھی حصہ لیا یہ تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہے یہ ایک محتاط اندازہ ہے تاہم کھال خریدنے 

والے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال قربانی کے جانور زیادہ ذبح ہوئے ہیں ابھی تو کھالوں کو چُنا اور نمک لگانے کا کام 

جاری ہے اصل اندازہ آئندہ ہفتے ہوگا تاہم یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ قربانی جانوروں کی ذبح ہونے کی تعداد لاکھوں میں ہے یہ صرف 

ضلع سرگودھا کیلئے ہے باقی ملک بھر میں کروڑوں کی تعداد میں جانور قربان کئے گئے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومتی اخراجات میں کمی کا فیصلہ تبدیلی کا آغاز جانا جارہا ہے جو اچھی بات ہے مگر اس پر عملدرآمد کرنا مشکل ضرور ہے 

مگر ناممکن نہیں حکومت مخلصانہ کوششیں کرے تو اخراجات میں نمایاں کمی کرکے بھاشا‘ دیا مر جیسے ڈیمز بنائے جاسکتے ہیں اگر تبدیلی کے نعرے پر 

عملدرآمد نہ ہوا تو لوگوں کا اعتماد سیاستدانوں سے اٹھ جائیگا ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ 

ہمیں استحکام پاکستان کیلئے ہر قربانی دینا ہوگی جس طرح ریاست مدینہ کے منشور کا اعلان کیا جارہا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ حکمران احتساب کا 

عمل اپنے سے شروع کریں کیونکہ حکومت کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ میرے لئے تمام سیاسی جماعتیں اور 

سیاستدان قابل احترام ہیں مگر ملکی ترقی‘ استحکام کیلئے میں ہر اس شخص کی حمایت کرونگا جو ملکی ترقی کیلئے مخلص ہوکر کام کریگا ڈاکٹر زاہد اقبال غوری 

نے کہا کہ عوام گزشتہ 72 سالوں سے سیاستدانوں کی طرف سے دکھائے جانیوالے سہانے خوابوں کی وجہ سے اب ان پر اعتماد نہیں کرتے مگر اب 

پارٹی سسٹم میں تبدیلی آئی اور ایک نئی جماعت ایک اچھے منشور کیساتھ میدان سیاست میں ہے تو اچھے کی امید رکھی جاسکتی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے صوبہ بھر میں بڑھتے ہوئے دل کے امراض کے پیش نظر سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام بڑے اضلاع 

میں کارڈیالوجی سنٹرز بنانے کیلئے محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی ہیں ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں تمام بڑے اضلاع کے محکمہ صحت کے افسران 

سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کارڈیالوجی سنٹرز کے قیام کیلئے مفصل رپورٹ بناکر روانہ کریں ذرائع کے مطابق حکومت نے سرگودھا 

میں کارڈیالوجی سنٹرز کے قیام کیلئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے سرگودھا میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں سابقہ حکومت نے کارڈیالوجی سنٹر 

کی تعمیر کا آغاز کیا تھا جس کو مکمل کرنے کیلئے موجودہ حکومت نے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ یہ کارڈیالوجی سنٹر جلد از جلد 

تکمیل کے مراحل میں پہنچ سکے اس کے علاوہ وزیر آباد امراض دل کے ہسپتال کو بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) گرمی کے موسم میں حد سے زیادہ گوشت کھانے سے لوگوں کی بڑی تعداد سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں پہنچ گئی 

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں گوشت کا بے جا استعمال بیماریوں کا موجب بنتا ہے اس کے کھانے میں احتیاط ضروری ہے ماہرین کا کہنا 

ہے کہ اکثر لوگ عید کے موقع پر قیمے کی ٹکیاں‘ کباب وغیرہ بناکر کھاتے ہیں اور یہ زیادہ دیر پکاتے نہیں جس کی وجہ سے اکثر ٹکیاں اور کباب 

کچے رہ جاتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہوتی ہیں جبکہ لوگ ایسے موقعوں پر بے احتیاطی کرتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت 

ہوسکتی ہے اس لئے کھانے پینے میں احتیاط کریں۔
Share To:

urdunewspoint

Post A Comment:

0 comments so far,add yours