سڈنی(نیوز ڈیسک)آرام دہ نیند کے لئے مختلف لوگ مختلف طرح کی پوزیشن میں سوتے ہیں ۔ کوئی سیدھا لیٹتا ہے تو کوئی اُلٹا، کوئی بازو اور ٹانگیں پھیلا کر سوتا ہے تو کوئی سوتے ہوئے اپنے جسم کو بلی کی طرح سمیٹ لیتا ہے۔ آپ جس بھی انداز کو ترجیح دیتے ہیں یقیناًاسے اپنے لئے آرام دہ محسوس کرتے ہوں گے لیکن کیا آپ کا سونے کا انداز آپ کی صحت کے لئے بھی اچھا ہے؟ 
ماہرین صحت سونے کے انداز کو چار مختلف اقسام میں تقسیم کرتے ہیں۔ نیند کے موضو ع پر تحقیق کرنے والی آسٹریلوی ماہر الینا ونل کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ سوتے ہوئے اپنی ٹانگوں کو پیٹ کی جانب سمیٹ لیتے ہیں اور گول مول سے ہوکر سوتے ہیں۔ اس انداز میں سونا آپ کی صحت کیلئے اچھا نہیں ہے کیونکہ اس طرح آپ کے اندرونی اعضاء اور خصوصاً پھیپھڑوں پر دباؤ پڑتا ہے۔ آپ پوری طرح سے سانس نہیں لے پاتے جس کے نتیجے میں جسم کو آکسیجن کی مناسب مقدار نہیں ملتی۔ کوشش کریں کہ سونے کے اس انداز کو جلد از جلد تبدیل کرلیں۔

کروٹ لے کر سونا بھی عام پایا جانے والا انداز ہے۔ جب آپ پہلو پر یا کروٹ لے کر سوتے ہیں تو یہ انداز جسم کو سمیٹ کر سونے کی نسبت بہتر ہے۔ ڈاکٹر الینا کے مطابق نیورو لوجیکل، مسکیولر صحت کے لئے یہ انداز بہتر ہے کیونکہ اس انداز میں سوتے ہوئے آپ کے جسم کے اندرونی اعضاء آرام دہ پوزیشن میں رہتے ہیں۔ اس انداز میں سونا آپ کے نظام انہضام کے لئے بھی بہت اچھا ہے۔ یعنی اگر آپ ہاضمے کے مسائل سے دوچار رہتے ہیں تو اس بات پر بھی غور کیجئے کہ آپ کس انداز میں سوتے ہیں۔
بہت سے لوگ الٹے ہوکر سونا پسند کرتے ہیں لیکن اس طرح سونے سے آپ کے معدے پر تو دباؤ پڑتا ہی ہے ساتھ آپ کے سر کے عضلات، گردن، جبڑے اور جسم کے دیگر جوڑوں پر بھی دباؤ پڑتا ہے۔ الٹے ہوکر سونے سے آپ کی کمر کا نچلا حصہ بھی دباؤ کا شکار رہتا ہے جس کی وجہ سے کمر درد کی تکلیف شروع ہوسکتی ہے۔ 

اس کے برعکس کمر کے بل سیدھے لیٹنے سے آپ کی گردن، سر اور چھاتی کو آرام ملتا ہے جبکہ کندھے اور کمر بھی سیدھی او رآرام دہ پوزیشن میں ہوتے ہیں۔ تو اگر آپ آرام دہ نیند بھی چاہتے ہیں اور جسمانی مسائل سے بھی محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو سب سے بہتر یہ ہے کہ کمر کے بل سیدھے لیٹیں۔
Share To:

urdunewspoint

Post A Comment:

0 comments so far,add yours