عمرہ کے بعد واپس آنے والے دو افراد لاہور ہوائی اڈے پر فائرنگ میں ہلاک
اہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ہوائی اڈے پر عمرہ ادائی کے بعد پہنچنے والے دو افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور ہوائی اڈے پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہوائی اڈے کے مسافر لائونج میں ارشد اور شان نامی ملزمان نے عمرہ کی ادائی کے بعد پہنچنے والے 2 افراد کے سروں میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ فائرنگ کی آواز سے خوف وہراس پھیل گیا اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔ فائرنگ کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی جبکہ اے ایس ایف نے واقعے کے فوری بعد ملزمان کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت زین اور اکرم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت عنصر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ارشد اور شان نامی ملزمان ٹیکسی میں سوار ہو کر ہوائی اڈے پہنچے اور انہوں نے عمرہ کی ادا کر کے واپس وطن پہنچنے والے 2 افراد کو نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق مقتولین پر بابر بٹ نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام تھا جبکہ ڈیڑھ سال کے دوران لاہور ائیر پورٹ پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اے ایس ایف حکام نے ائیرپورٹ کی حدود میں فائرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے کہ حملہ آور اسلحہ سمیت ائیر پورٹ کی حدود میں کیسے داخل ہوئے۔ وزیراعلی پنجاب نے لاہور ایئر پورٹ پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ سردار عثمان بزدار نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، فائرنگ کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours