سرگودھا ( ) طلبا و طالبات کی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر
کرنے اور ان کو عملی تربیت فراہم کرنے کیلئے سپیریئر گروپ آف کالجز سرگودھا میں ہفت روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں گریجویشن اور ماسٹرز کے طلبہ نے شرکت کی۔


 مختلف شعبہ جات کے زیر اہتمام منعقدہ تربیتی سیشنز اور سیمینارز میں سرگودھا یونیورسٹی کے ماہرین نے شرکت کی اور طلبہ کو بتایا کہ وہ کس طرح بہتر انداز میں اپنے تعلیمی اہداف کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں ۔ڈیپارٹمنٹ آف انگلش کے زیر اہتمام سیمینار منعقد ہوا جس میں پروفیسر سید ظلِ حسین بخار اور ڈاکٹر صاحبزادہ احمد ندیم   نے لٹریچر کے انسانی فکر پر مرتب ہونے والے اثرات پر بات کی۔


مقررین نے کہا کہ علم و ادب سے وابستگی ہی طلبہ کی معراج ہے،طلبہ کو چاہیے کہ وہ معیاری کتب پڑھنے کی جانب راغب ہوں تاکہ ان کی سوچ و فکر میں وسعت آئے۔شعبہ فزکس کے تحت منعقدہ سیمینار میں پروفیسر محمد قاسم نے طلبہ کو بتایا کہ تخلیق کائنات کے بہت سے پوشیدہ راض علومِ فزکس کی وجہ سے آشکار ہوئے ہیں، دورِ حاضر کی ترقی میں فزکس کا بہت بڑا ہاتھ ہے،


 انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ علومِ فزکس میں اپنی مہارتوں کو دوام بخشیں اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے خود کو تیار کریں۔ شعبہ ریاضی کے طلبہ کیلئے منعقدہ سیمینار میں ڈاکٹر اظہر حسین نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاضی اُم العلوم ہے جس کا اطلاق زندگی کے ہر شعبہ پرہوتا ہے۔شعبہ کیمسٹری کے طلبہ کو تعلیمی و عملی میدان میں کیمسٹری کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے سیمینار منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ایس اقبال رانا اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ بتول نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔مختلف تربیتی نشستوں میں طلبہ کو دورِ جدید کے تقاضوں کو سمجھنے اور تعلیمی جدت کو اپنانے کی ترغیب دی گئی اور مختلف عملی مہارتوں کی تربیت دی گئی۔



ریجنل ڈائریکٹر سپیرئیر گروپ آف کالجز سرگودھا ریجن پروفیسر حامد یونس خان نے کہا کہ وہ قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی جو تعلیم کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہو، سپیرئیر گروپ آف کالجز نے ہمیشہ اس بات کو ترجیح دی ہے کہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی، تحقیقی اور عملی میدان سے متعلق مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ طلبہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد صحیح معنوں میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے راہ ہموار کر سکیں۔


 انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ورکشاپس، سیمینارز،ہم نصابی سرگرمیوں اور دیگر تقریبات کاانعقاد جاری رکھا جائے گا کہ جن کا حصہ بن کر طلبہ خود کو عملی میدان کیلئے تیار کر سکیں۔ہفت روزہ تقریبات کے انعقاد کو طلبا و طالبات کی جانب سے سراہا گیا، طلبہ نے کہا کہ یہ تقریبات نہ صرف تعلیمی لحاظ سے معاون ثابت ہوئی ہیں بلکہ انہیں مستقبل کی پیش بندی کیلئے خاطر خواہ معلومات میسر آئی ہیں۔ سیمینار ز کے انعقاد سے ہمیں مختلف تعلیمی شعبہ جات کی اہمیت و افادیت کا ادراک ہوا۔ ان تقریبات کے انعقاد پر ہم سپیرئیر گروپ آف کالجز کے شکر گزار ہیں۔

حسن شیرازی
سرگودھا

Share To:

urdunewspoint

Post A Comment:

0 comments so far,add yours